مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی فتح کے بعد ریاست میں کئی مقامات سے تشدد کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تشدد کی اطلاعات کے درمیان بی جے پی نے ٹی ایم سی کیڈر میں مبینہ مجرمانہ عناصر کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ بی جے پی کارکنوں اور ان کے حامیوں پر حملے ٹی ایم سی کارکنوں نے کیے ہیں۔
بی جے پی نے الزام لگایا ہے کہ انتخابی نتائج کے 24 گھنٹوں کے اندر اندر بہت سے کارکنان کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ جب کہ بہت سے کارکن شدید زخمی ہیں۔ پارٹی کے بہت سے کارکنوں کے مکانات اور دکانیں بھی جلادی گئیں۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد مبینہ انتقامی تشدد کے پیش نظر 4-5 مئی کو مغربی بنگال کا دورہ کررہے ہیں۔ وہ تشدد سے متاثرہ کارکنوں کے اہل خانہ سے ملنے جائیں گے۔