سری نگر: مرکزی وزیر قانون و انصاف کرن رجیجو نے جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس این کوٹیشور سنگھ اور ایگزیکٹیو چیئرمین جے کے ایل ایس اے جسٹس تاشی ربستن کی موجودگی میں آج ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس بڈگام میں اے ڈی آر سینٹر میں لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل کے دفتر کا اِفتتاح کیا۔مرکزی وزیر نے کانفرنس ہال بڈگام میں قبل از گرفتاری، گرفتاری اور ریمانڈ کے مرحلے میں قانونی معاونت سے متعلق ایک بیداری پروگرام کی بھی صدارت کی۔
مرکزی وزیر کرن رجیجو نے اَپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ لیگل ایڈڈ یفنس کونسل سسٹم معاشرے کے پسماندہ طبقوں کی مدد کرنے میں کار آمد ثابت ہوگا جن کی انصاف تک رسائی نہیں ہے۔ انہوں نے معاشرے کے پسے ہوئے لوگوں کو قبل از گرفتاری ، گرفتاری اور ریمانڈ کے مرحلے پر قانونی معاونت فراہم کرنے کے لئے اِس طرح کے بیداری پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اِنصاف کی فراہمی کے نظام پر پورا بھروسہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر زمین ایک جنت ہے اور یہاں ے لوگوں کو اس جنت پر خوشی سے رہنا ہے۔ مرکزی وزیر نے جموں وکشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پورے جموں وکشمیر یوٹی میں موثر اور قابل طریقے سے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون اِمدادی خدمات کے بارے میں بیداری کو منظم کرنے کا مقصد لوگوں کو ان کے قانونی حقوق اور انصاف کی فراہمی کے نظام تک رسائی کے بارے میں آگاہ کرنا ہے ۔