رانچی: جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا ہے کہ حکومت قبائلیوں اور مقامی لوگوں کے حقوق کے لیے ہمیشہ ان کے ساتھ ہے۔ ہیمنت سورین نے آج وزیر اعلیٰ کے رہائشی دفتر میں پائلٹ پروجیکٹ نیترہاٹ فیلڈ فائرنگ رینج مخالف کیندریہ جن سنگھرش سمیتی، لاتیہار-گملا کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کہنے میں نہیں کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔ آج گاوں گاوں یہ پیغام جا رہا ہے کہ حکومت ان کے مفاد کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہماری مسلسل کوشش ہے کہ ریاست کے قبائل، مقامی لوگوں کی بہتری کے لیے کام کریں۔ Hemant Soren On Netarhat Field Firing Range
اس موقع پر وفد نے نیترہاٹ فیلڈ فائرنگ رینج میں توسیع نہ کرنے کے وزیر اعلیٰ کے فیصلے پر اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر پگڑی پہنا کر اور شال پیش کرکے ان کی عزت افزائی کی گئی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 28-30 سال سے جاری اس تحریک میں آج حکومت نے مقامی لوگوں کے مفاد میں فیصلہ کیا ہے۔ فائرنگ رینج کے تحت آنے والی 1471 مربع کلومیٹر زمین پر اب وہاں کے غریبوں کا حق ہے۔ اس سے متعلق عمل کو جلد از جلد پورا کرنے کا کام کیا جارہا ہے۔