نئی دہلی: حکومت نے جمعرات کو جیا ورما سنہا کو ریلوے بورڈ کی پہلی خاتون سی ای او اور چیئرپرسن مقرر کیا ہے۔ وہ انیل کمار لاہوٹی کی جگہ لیں گی۔ ریلوے بورڈ قومی ٹرانسپورٹر کے لیے فیصلہ کرنے والا ایک اعلیٰ ادارہ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ وہی جیا ورما ہیں جنھوں نے بحیثیت ریلوے بورڈ کی ممبر (آپریشنز اینڈ بزنس ڈیولپمنٹ) کے طور پر حال ہی میں اڈیشہ کے بالاسور میں ہولناک ٹرین حادثے کے بعد پیچیدہ سگنلنگ سسٹم کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا تھا۔ اس حادثے میں تقریباً 300 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ایک حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کی تقرری کمیٹی (اے سی سی) نے جیا ورما سنہا، ممبر (آپریشنز اینڈ بزنس ڈیولپمنٹ) کو ریلوے بورڈ کے چیئر پرسن اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) کے عہدے پر تقرری کی منظوری دے دی ہے۔' وہ یکم ستمبر یا اس کے بعد چارج سنبھالیں گی اور ان کی مدت ملازمت 31 اگست 2024 تک ہوگی۔