پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج کہا ہے کہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے۔ شاہ محمود قریشی کا یہ بیان اس تناظر میں سامنے آیا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں ایک پاکستانی نجی ٹی وی چینل کو دئے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ دفعہ 370 کی منسوخی بھارت کا اندرونی معاملہ ہے۔
شاہ محمود قریشی نے پیر کے روز ٹویٹر کرتے ہوئے لکھا: 'میں واضح کرتا ہوں: جموں و کشمیر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے۔ اس تنازع کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے۔ جموں و کشمیر کے بارے میں کچھ بھی بھارت کا داخلی معاملہ نہیں ہوسکتا ہے۔'
واضح رہے سات مئی کو پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ دفعہ 370 بھارت کا اندرونی معاملہ ہے لیکن پاکستان کیلئے دفعہ 35 اے کی بحالی اہم ہے کیونکہ اس کا تعلق جموں و کشمیر کی آبادی کے تناسب کے ساتھ ہے۔
پاکستان کی نجی ٹیلی ویژن چینل سماء نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں قریشی نے کہا تھا کہ 370 کی بحالی پاکستان کیلئے اہم نہیں ہے بلکہ یہ بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 35 اے اس لئے اہم ہے کیونکہ اسکے ساتھ پاکستان کا طویل المدتی مفاد جڑا ہوا ہے اور وہ یہ ہے کہ پاکستان خطے میں استصواب رائے عامہ کرانا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق 35 اے کی عدم موجودگی میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی یا ڈیموگریفک ری سٹرکچرنگ کی جاسکتی ہے۔