ریاست اترپردیش میں آئندہ سال 2022 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر جمیعت علماء ہند نے ووٹرس کو بیدار کرنے کے لئے مہم کا آغاز کیا ہے۔ رامپور ضلع میں جمعیت علماء کے عہدیداروں نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گاؤں گاؤں جاکر رائے دہندگان کی ووٹرز کی لسٹ کو درست کیا جا رہا ہے۔
جیسے جیسے ریاست میں اسمبلی انتخابات کی تاریخ نزدیک آ رہی ہے۔ حکومت سے لیکر سماجی اور ملی تنظیمیں سرگرم ہوتی جا رہی ہیں۔ جہاں حکومت کے نمائندے عوام کے درمیان جاکر اپنی پانچ سالہ اقتدار کی حصولیابیاں گنا رہے ہیں، وہیں سماجی اور ملی تنظیمیں رائے دہندگان کو بیدار کرنے میں مصروف ہیں۔ رائے دہندگان کو بیدار کرنے کے لئے جمیعت علماء ہند کی جانب سے پورے ماہ کو 'ووٹر بیداری' کے طور پر منایا جا رہا ہے۔
اس سے متعلق ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے جمیعت علماء رامپور کے نائب سکریٹری مولانا محمد صادق قاسمی نے بتایا کہ جمیعت چاہتی ہے کہ ہر بالغ شخص کا نام ووٹر لسٹ میں ہونا چاہئے تاکہ آئندہ انتخابات میں ان کا ووٹ مؤثر ثابت ہو۔