جمعیۃ علماء ہند اور جماعت اسلامی ہند کے مشترکہ وفد نے جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود مدنی اور جماعت اسلامی ہند کے امیر جناب سید سعادت اللہ حسینی کی ہدایت پر آسام کے وزیر اعلی ہیمنت کمار وسوا شرما سے گوہاٹی میں واقع ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ضلع درانگ کے دھول پور میں سرکاری زمین کے انخلا کی وجہ سے پیش آئے واقعے میں لاش کی بے حرمتی اور غریب و مزدوروں کو اپنے ہی وطن میں بے گھر کرنے پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔
اس دوران وفد نے مطالبہ کیا کہ
(1) اس سانحہ کی اعلی سطحی جوڈیشیل انکوائری کرائی جائے۔
(2) پولیس ایکشن میں ہلاک ہونے والوں کو بیس لاکھ اور زخمی ہونے والوں کو دس لاکھ معاوضہ دیا جائے۔
(3) اجاڑے گئے خاندانوں کے لیے دوا، پانی، اور اشیائے خوردنی کا انتظام کیا جائے۔
(4) سرکار کی طرف سے چھ بیگھہ زمین کھیتی کے لیے اور ایک بیگھہ زمین جو رہائش کے لیے دینے کا وعدہ کیا تھا، اسے جلد پورا کیا جائے۔
وفد میں شریک جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ درانگ ضلع میں جو کچھ ہوا، وہ انسانیت سوز ہے، ہم یہ امید کرتے ہیں کہ مظلوموں کو انصاف دلانے میں ذاتی طور سے ہماری مدد کریں گے۔ ہمارے ملک کے آئین میں انسانی حقوق کو اولیت حاصل ہے، کوئی بھی زمین کا ٹکڑا کسی انسان کی جان سے اہم نہیں ہے، اس لیے ہم امید کرتے ہیں کہ آسام کے وزیر اعلی انسانی اقدار کا تحفظ کریں گے اور مظلوموں کو انصاف دلانے میں مستعدی سے کام لیں گے۔
اس سے قبل اتوار کو مشترکہ وفد نے ضلع درانگ کے ڈی سی شریمتی پرابھتی تھاؤسین اور ایس پی شری سوشانتا وسوا شرما سے ملاقات کر کے پولیس کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ اس پر سوشانتا وسوا شرما نے کہا کہ اس واقعہ کی اعلی جوڈیشیل انکوائری کرائی جا رہی ہے، آگے کی بھی کارروائی کریں گے۔
واضح ہو کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے 24 ستمبر کو وزیر داخلہ، ہیومن رائٹس کمیشن اور وزیر اعلی آسام کو خط لکھ کر انصاف کی جانب تو جہ دلائی تھی۔
مزید پڑھیں:اولمپکس میں پہنچنا ہے تو بھارت ماتا کی جے کہنا ہوگا: رینوکا سنگھ
جمعیۃ علماء آسام کے ناظم اعلی جناب حافظ بشیر احمد قاسمی نے بتایا کہ ہمارا وفد زخمیوں سے ہسپتال میں ملے گا، اس کے بعد متاثرہ خاندانوں سے درانگ ضلع میں جا کر ملے گا۔ انھوں بتایا کہ سردست جمعیۃ علماء آسام کے صدر مولانا بدرالدین اجمل قاسمی نے طے کیا ہے کہ زخمیوں کو جمعیۃ علماء آسام اور اجمل فاؤنڈیشن کی طرف سے 20-20 ہزار روپے پیش کیا جائے گا۔