نئی دہلی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے منگل کو اقوام متحدہ کی ڈپٹی سکریٹری جنرل آمنہ جے محمد سے ملاقات کی اور جی ٹوئنٹی سے متعلق مسائل، پائیدار ترقی کے اہداف کی حیثیت اور موسمیاتی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔ جے شنکر نے ٹویٹ کرکے اس کی اطلاع دی۔ انھوں نے ٹویٹ کیا کہ آج صبح نئی دہلی میں اقوام متحدہ کی ڈپٹی سکریٹری جنرل امینہ جے محمد سے ملاقات کی۔ اس دوران ہم نے جی 20 سے متعلق مسائل، پائیدار ترقی کے اہداف اور موسمیاتی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ آمنہ محمد تین سے پانچ جولائی تک بھارت کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوران وہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے علاوہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، وزیر جنگلات اور ماحولیات بھوپیندر یادو، وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور پارلیمانی امور وی مرلی دھرن، نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین سمن بیری سے ملاقات کا پروگرام ہے۔ بھارت پہنچنے پر اقوام متحدہ کے ڈپٹی سکریٹری جنرل کے ساتھ اقوام متحدہ میں بھارت کی سفیر، روچیرا کمبوج بھی تھیں اور بھارت میں اقوام متحدہ کے رہائشی کوآرڈینیٹر شومبے شارپ اور وزارت خارجہ کے دیگر عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔