لندن: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کو برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات کی اور دو طرفہ اسٹریٹجک شراکت داری پر تفصیلی بات چیت کی۔ یہ ملاقات برطانوی وزیر اعظم رشی سنک کی جانب سے اگلے سال ہونے والے عام انتخابات سے قبل کابینہ میں ردوبدل کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کیمرون کو نیا وزیر خارجہ مقرر کرنے کے چند گھنٹے بعد ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رشی سنک کے کابینہ میں یہ ردوبدل ایک ایسے دن ہوا جب سبکدوش ہونے والے وزیر خارجہ جیمز کلیورلی جے شنکر کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کرنے والے تھے۔ جے شنکر اس وقت پانچ روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ میں ہیں۔ جے شنکر نے اتوار کو برطانوی وزیراعظم رشی سنک کے ساتھ وزیر اعظم کی رہائش گاہ اور دفتر 'ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ' میں چائے پر بات چیت کی تھی۔