ملک کی چار ریاستوں میں ہو رہے اسمبلی انتخابات میں حصّہ لینے والی سبھی پارٹیاں ایک ہی تھیلی کے چٹّے بٹّے ہیں ۔ جن کا مقصد محروم طبقات کی فلاح بہبود انصاف دلانا نہیں بلکہ ان کو سبز خواب دکھا کر ووٹ حاصل کرنا ہے ۔معاشرے کے محروم طبقات دلت، پسماندہ و مسلمان طبقہ ان سے انصاف کی امید میں انہیں اقتدار تک تو پہنچاتا ہے، مگر اس کے بدلے انہیں کیا ملتا ہے، یہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ انصاف دلانے کے نام پر پارٹیوں میں کسی نے کم تو کسی نے زیادہ ظلم ان محروم طبقات پر کیا ہے۔ جب تک محروم طبقات کی اقتدار میں حصّہ داری نہیں ہوگی تب تک انہیں انصاف ملنا ممکن نہیں ہے۔
پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے چار ریاستوں میں ہورہے اسمبلی انتخابات پر بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ خیالات کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ آج ملک کے جو حالات ہیں وہ عوام پر عیاں ہیں۔ عوام کو انتہائی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ وعدے تو بلند بانگ کئے گئے تھے، مگر حالات وعدے کے برعکس مہنگائی کی مار نے عوام کو سوچنے پر مجبور ضرور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا دلت، پسماندہ و مسلم طبقات کو انصاف نہیں مل پا رہا ہے۔ دلت، پسماندہ و مسلم طبقات کی ترقی کے دعوے تو کیے جاتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ ریاستوں کی زیر اقتدار حکومتیں ان طبقات کو ہمیشہ نظر انداز کرتی ہیں۔ انتخاب کے وقت ان طبقات سے ہی منسلک مبینہ لیڈران اپنے اپنے آقاوں کے مفاد کے لیے انہیں سبز خواب دکھا کر ان کے قیمتی ووٹ حاصل کر لیتے ہیں۔
پیس پارٹی ملک کے مفاد میں محروم طبقات کی فلاح بہبود اور انہیں انصاف دلانے کی بات کرتی ہے۔ جب تک محروم طبقات کی اقتدار میں موثر حصّہ داری نہیں ہوگی تب تک حالات سازگار نہیں ہو سکتے۔ ملک کے محروم طبقات کی چشم پوشی کر سیاسی پارٹیاں ان کا ووٹ تو گمراہ کرکے حاصل تو کر لیتی ہیں، مگر جب ان کے حقوق کی بات آتی ہے تو انہیں نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیس پارٹی کا مقصد ان محروم طبقات کو بیدار کر انہیں ملک کے مین اسٹریم سے جوڑ کر انہیں حقوق دلانا ہے۔ آج سارے ملک کے جو حالات ہیں وہ اس بات کی متقاضی ہیں کہ عوام انتہائی سمجھ بوجھ اور غور و خوض کے بعد ایک بہتر متبادل و امیدوار اور ان کے اصل حقوق کی بات کرنے والی پارٹی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرے۔ یہ سمجھ کر فیصلہ لیں کہ ان کے ایک ایک ووٹ کی قیمت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اپنے ووٹ کے ضائع ہونے کا موقع نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ عوام کی اصل طاقت ہے اور جب تک دلت، پسماندہ و مسلم اتحاد کے ساتھ اپنے ووٹ کی طاقت کا احساس نہیں دلائیں گے، تب تک اپنے حقوق حاصل نہیں کر سکتے۔