نئی دہلی: ڈیوٹی سوسائٹی کی بنیاد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں صاحبزادہ آفتاب احمد خان نے 1889 میں رکھی تھی جس کا مقصد غریب اور نادار طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا ڈیوٹی سوسائٹی کے قیام میں مولانا طفیل احمد، بہادر علی، عبداللہ خان اور مظہر الحق اور پروفیسر تھامس واکر آرنلڈ کا بھی اہم کردار تھا۔ ڈیوٹی سوسائٹی طلباء کو تعلیمی قرض، مفت بورڈنگ آور کوچنگ وغیرہ فراہم کرتی ہے۔ پروفیسر ابوالحسن صدیقی نے 1985 میں ڈیوٹی سوسائٹی میں بطور امین (کیپر) شمولیت اختیار کی اس کے بعد سے انہوں نے معاشرے کی ترقی کے لیے بے پناہ کام کئے اور ان کی کاوشوں کا نتیجہ ڈیوٹی سوسائٹی کی موجودہ شکل میں منظر عام پر آیا جو غریب طلبہ کی ترقی کے لیے مسلسل حوصلہ افزائی، رہنمائی اور مالی معاونت کا ذریعہ ہے۔
ڈیوٹی سوسائٹی کے لیے پروفیسر ابوالحسن صدیقی کی غیر معمولی خدمات کو یادگار بنانے کے لیے آج 19 فروری 2023 کو جامعہ ہمدرد کے کنونشن سینٹر میں "پروفیسر ابوالحسن صدیقی مرحوم کی حیات و خدمات" کے موضوع پر ایک بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان مہمان خصوصی تھے اور جامعہ ہمدرد کے چانسلر اور ڈیوٹی سوسائٹی کے صدر حماد احمد ، جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد افشار عالم اور ڈیوٹی سوسائٹی کے نائب صدر خصوصی طور پر شامل تھے۔
مولانا آزاد یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر خواجہ ایم شاہد پروگرام کے کلیدی مقرر تھے، ڈیوٹی سوسائٹی کے موجودہ کیپر پروفیسر ارشاد محمود نے شکریہ کے کلمات پیش کئے۔ افتتاحی تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر ایف ایس شیرانی سابق ڈین فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے انجام دیئے۔
افتتاحی خطاب میں پروفیسر ایم افشار عالم نے ریاضی، فزکس اور اپلائیڈ ریسرچ کے میدان میں ابوالحسن صدیقی صاحب کی زندگی اور کارناموں پر روشنی ڈالی اور اپنے علی گڑھ کے دنوں کی مشاہدات اور ڈیوٹی سوسائٹی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ جناب عارف محمد خان نے اپنی تقریر میں ڈیوٹی سوسائٹی کی اہمیت کو بیان کیا اور شہریوں کے فرائض پر وسیع تناظر میں توجہ مرکوز کرائی۔ انہوں نے کہا کہ آج کل عام طور پر لوگ اپنے حقوق کے لیے لڑتے ہیں اور فرائض سے غفلت برتتے ہیں، اگر ہم فرائض پر توجہ دیں تو ہم صحت مند معاشرہ اور خوشحال ملک بنانے میں اپنا تعاون دے سکتے ہیں۔ انہوں نے مساوات، انسانیت اور تعلیم کی اہمیت کی قرآنی تعلیمات پر بھی روشنی ڈالی۔ جناب خواجہ شاہد نے اپنے کلیدی خطاب میں ڈیوٹی سوسائٹی کی تاریخ اور ممتاز شخصیت ابوالحسن صدیقی کی خدمات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے ابوالحسن صدیقی کا ورچوئل یونیورسٹی بنانے کا خواب یاد کیا جسے اب حکومت ڈیجیٹل انڈیا مشن کے تحت پورا کر رہی ہے۔ پروفیسر ارشاد محمود نے جامعہ ہمدرد میں اس سیمینار کے انعقاد میں تعاون کرنے پر ہندوستان اور بیرون ملک سے آئے ہوئے مندوبین اور جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: International Ghalib Seminar غالب انسٹی ٹیوٹ میں تین روزہ بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد
تکنیکی سیشن میں پدم شری پروفیسر ایس ظل الرحمن، پروفیسر ایم کلیم اللہ احمد، ڈاکٹر نذر عباس، ڈاکٹر آر سی سنگھ،شاردا یونیورسٹی اور پروفیسر عزرا صدیقی نے ڈیوٹی سوسائٹی کے اپنے تجربات شیئر کیے اور ابوالحسن صدیقی کے کارناموں اور کامیابیوں کو مفصل پیش کیا۔ دیگر معززین میں علیگڑھ مسلم یونیورٹی کے پروفیسر سید عاصم ظفر، چیئرمین، شعبہ۔ کمپیوٹر سائنس،پروفیسر نفیس انصاری ڈائرکٹر، سینٹر فار ڈسٹنس اینڈ آن لائن ایجوکیشن، ڈاکٹر ارمان رسول فریدی، جناب خالد مسعود، اے ایم یو کورٹ ممبر، پروفیسر حافظ الیاس اے ایم یو کورٹ ممبر، پروفیسر رضی اللہ خان، مسز حنا پروین، ڈاکٹر محمد۔ شاہد، مظہر صدیقی، شوکت مفتی، ڈاکٹر سرفراز احسن، پروفیسر محمد۔ اکرم، ار. اظہر حسین اور پروفیسر فرحان جے احمد وغیرہ شامل تھے۔
یواین آئی