ممبئی سمیت بڑے شہروں میں بھی پاکستان میں ہندوؤں پر حملہ اور ہندو مندر جو کہ پاکستان کے یار خان ڈسٹرکٹ میں ہے اسے مسمار کئے جانے کی تصویر دکھا کر ہندوؤں کو مشتعل کر نے کی کوشش کی جاسکتی ہے، ایسی کئی تصاویر اور ویڈیو سماج دشمن عناصر نے وائرل بھی کیا ہے، جنہیں یہ کہہ کر شئیر اور وائرل کیا گیا کہ یہ واقعہ پاکستان کا نہیں بلکہ بھارت کا ہے، لیکن یہ معاملہ پاکستان کا ہے۔
پاکستان کے یار خان ڈسٹرکٹ میں ایک ہجوم نے مندر کو منہدم کیا ہے، لیکن اس تصویر کو غلط طریقے سے بھارت سے منسلک کر نے کی کوشش کی جارہی ہے، جو سراسر گمراہ کن اور غلط ہے۔ اس لئے پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے یہ واضح کیا ہے کہ مندر کی مسماری اور انہدامی کی تصاویر سے متعلق گمراہ کن افواہوں پر توجہ نہ دیں کیونکہ یہ مندر بھارت کی نہیں بلکہ پاکستان کی ہے، لیکن کچھ شرپسند عناصر جبرا سماج میں نفرت پیداکرنے اور فرقہ وارانہ فساد برپا کرنے کی سازش کے طور پر اسے بھارت کا ویڈیو اور فوٹو بتا کر وائرل کر رہے ہیں۔ جبکہ پولیس نے کئی ایسے ویڈیو اور فوٹو کو حذف کرنا بھی شروع کردیا ہے۔
فرقہ پرست جماعتوں کے آئی ٹی سیل بھی اسے بھارت کا بتا کر وائرل کر رہے ہیں جو سراسر غلط ہے اس لئے انٹیلی جنس ایجنسیوں نے الرٹ کیا ہے کہ اس قسم کا گمراہ کن مشمولات اور تصاویر کو شائع یا شیئر نہ کیا جائے اور حقائق کے بعد ہی کسی چیز کو سوشل میڈیا پر شیئر یا وائرل کیا جائے بصورت دیگر آپ افواہ پھیلانے کے ذمہ دار قرار دئیے جائیں گے اس لئے ایسے چیزوں سے محتاط رہیں اور اس قسم کے فرقہ پرست عناصر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائیں۔