دہلی کے تہاڑ جیل میں قیدی آئے دن کسی نہ کسی وجہ سے آپس میں لڑتے رہتے ہیں۔ بعض اوقات یہ رنجش کی وجہ سے لڑائی کرتے ہیں، وہیں کئی بار وہ چھوٹی چھوٹی بات پر جھگڑا کر بیٹھتے ہیں۔ ایسا ہی ایک معاملہ پیر کے روز تہاڑ جیل کے اندر پیش آیا ہے۔ جہاں ٹی وی دیکھنے کی وجہ سے تنازعہ کھڑا ہوگیا۔
تنازعہ اتنا بڑھ گیا کہ ایک قیدی نے دوسرے قیدی پر حملہ کرکے اسے شدید طور پر زخمی کردیا۔ زخمی کو علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس اس پورے معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔
اطلاع کے مطابق سنسد مارگ پولیس اسٹیشن نے کچھ وقت قبل ایک 50 سالہ مکیش کو گرفتار کیا تھا۔ فی الحال وہ تہاڑ جیل نمبر 8 میں قید ہیں۔ پیر کے روز وہ اپنی بیرک میں بیٹھ کر ٹی وی دیکھ رہا تھا۔ اسی دوران جیل نمبر 3 میں زیر سماعت قیدی جبار نے اسے ٹی وی بند کرنے کو کہا۔ لیکن مکیش نے اس کی بات کو نظر انداز کردیا، جس کی وجہ سے ان کے درمیان بحث شروع ہوگئی۔ کچھ دیر بعد جب مکیش ٹی وی دیکھ کر باہر نکلا تب باہر بیٹھے جبار نے اس پر قلم سے حملہ کردیا ہے۔