اندور: ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع اندور کے جونی اندور تھانہ علاقے کے بیلیشور مہادیو مندر میں کنویں کا سلیب گرنے سے 36 لوگوں کی موت ہو گئی۔ حادثے کے بعد وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے مندر سے غیر قانونی تعمیرات ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے اب ضلع انتظامیہ نے مندر میں کی گئی غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ انتظامیہ نے کچھ ایسی جگہوں کی نشاندہی کی ہے جہاں لوگوں نے کنویں کے حصوں پر غیرقانونی طریقے سے قبضہ کیا ہوا ہے۔ اسی کے تحت پیر کو بیلیشور مہادیو مندر کی غیر قانونی تعمیرات پر بھی انتظامیہ کا بلڈوزر چلا۔
بیلیشور مہادیو مندر حادثے کے چار دن بعد پیر کو میونسپل کارپوریشن نے مندر کے احاطے میں غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کردیا۔ اس دوران اعلیٰ افسران اور پولیس فورس موجود تھی۔ غیر قانونی تعمیرات ہٹانے کی کارروائی کے دوران ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے چار تھانوں بشمول جونی اندور، بھنورکوان اور راوجی بازار کی پولیس فورس کو تعینات کیا گیا تھا۔ میونسپل کارپوریشن نے پانچ پوکلین مشینوں کی مدد سے یہ کارروائی کی۔ بیلیشور مہادیو مندر پر غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کے لیے اتوار کی رات ہی 12 بجے نوٹس چسپاں کیا گیا تھا۔ پیر کی صبح جب لوگ درشن کرنے مندر پہنچے تو انہیں باہر ہی روک دیا گیا۔ یہی نہیں کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے والوں پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔ صبح 6 بجے مندر کی غیر قانونی تعمیر پر انتظامیہ کا بلڈوزر چلا، جس میں پہلے مندر کی زیر تعمیر دیواروں کو توڑا گیا اور پھر بعد میں مندر سے مورتیوں کو ہٹا دیا گیا۔