اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

Indo Sri Lanka trade بھارت سری لنکا کا باہمی تجارت ہندوستانی روپے میں کرنے کا عہد

حیدرآباد ہاوس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے نے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت بھارتی روپے میں کرنے، بھارت سے سری لنکا تک پیٹرولیم پائپ لائن بچھانے اور مسافر فیری سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

Etv Bharat
حیدرآباد ہاوس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے سے ملاقات

By

Published : Jul 21, 2023, 9:43 PM IST

نئی دہلی: ہند سری لنکا نے طویل مدتی اقتصادی شراکت داری کے وژن پر مبنی اقتصادی اور تکنیکی تعاون کے معاہدے (ای ٹی سی اے) کے ساتھ ہی سری لنکا میں ڈیجیٹل اقتصادی روابط پیدا کرکے یو پی آئی کے نفاذ اور دو طرفہ تجارت بھارتی روپے میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلے یہاں حیدرآباد ہاوس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کے درمیان وفود کی سطح کی دو طرفہ کانفرنس میں کیے گئے۔

دونوں رہنماوں نے ذاتی طور پر گفتگو بھی کی اور ایک ساتھ ظہرانہ کیا۔ اس میٹنگ میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوال، خارجہ سکریٹری ونے کواترا اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے پانچ معاہدوں پر دستخط کیے گئے جس میں سری لنکا میں اقتصادی لین دین کے لیے یو پی آئی کی درخواستوں کی منظوری کے لیے این آئی پی ایل اور 'لنکا پے' کے درمیان نیٹ ورک ٹو نیٹ ورک کا معاہدہ بھی شامل ہے۔ دیگر معاہدوں میں مویشی پروری اور ڈیری، قابل تجدید توانائی اور سامپور سولر پاور پلانٹ، اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر عمل درآمد شامل ہے۔

دونوں رہنماوں نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان سمندری، فضائی، توانائی اور عوام سے عوام کے مابین رابطے کو مضبوط بنانے کے علاوہ سیاحت، توانائی، تجارت، اعلیٰ تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی میں باہمی تعاون کو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ مودی نے سری لنکا میں رہنے والی تمل کمیونٹی کے کاز کو بھی پر زور طور پر اٹھایا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت بھارتی روپے میں کرنے، بھارت سے سری لنکا تک پیٹرولیم پائپ لائن بچھانے اور مسافر فیری سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بھارت اور سری لنکا کے درمیان پل کی تعمیر کا مطالعہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، حالانکہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یہ پل دھنش کوٹی سے پورانک رام سیتو تک کے راستے پر تجویز کیا جائے گا یا کسی اور جگہ۔ سیاحت کو بڑھانے کے لیے بیداری بڑھانے اور بھارت کے بدھسٹ سرکٹ اور رامائن ٹریل کے ساتھ ساتھ سری لنکا میں بدھ، ہندو اور دیگر مذہبی عبادت گاہوں کے قدیم مقامات کو مقبول بنانے کی بات بھی کی گئی ہے۔ ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:

بعد ازاں دونوں رہنماوں نے پریس بیانات بھی دیئے۔ مودی نے سری لنکا کے صدر شری وکرما سنگھے اور ان کے وفد کا بھارت میں پرتپاک خیرمقدم کیا اور صدر شری وکرما سنگھے کو عہدہ سنبھالنے کا ایک سال مکمل ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سری لنکا کے لوگوں کے لیے چیلنجوں سے بھرا رہا ہے۔ ایک قریبی دوست ہونے کے ناطے ہمیشہ کی طرح، ہم بحران کی اس گھڑی میں سری لنکا کے لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ میں سری لنکا کے لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں جس حوصلے کے ساتھ انہوں نے ان مشکل حالات کا سامنا کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے تعلقات ہماری تہذیبوں کی طرح ہی قدیم بھی ہیں اور وسیع بھی ہیں۔ بھارت کی پالیسی پڑوسی سب سے پہلے اور ساگر ویژن دونوں میں بھی سری لنکا کا ایک اہم مقام ہے۔ آج ہم نے دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر اپنے خیالات کا اشتراک کیا۔ ہمارا ماننا ہے کہ بھارت اور سری لنکا کے سیکورٹی مفادات اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ اور اس لیے یہ ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے کی سلامتی اور حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مل جل کر کام کریں۔

انھوں نے کہا کہ آج ہم نے اپنی اقتصادی شراکت داری کے لیے ایک وژن دستاویز کو اپنایا ہے۔ یہ وژن دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان سمندری، فضائی، توانائی اور عوام سے عوام کے رابطے کو مضبوط بنانے کا ہے۔ یہ وژن سیاحت، بجلی، تجارت، اعلیٰ تعلیم اور ہنر کی ترقی میں باہمی تعاون کو تیز کرنے کا ہے۔ یہ وژن سری لنکا کے ساتھ بھارت کی طویل مدتی وابستگی کا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اقتصادی اور تکنیکی تعاون کے معاہدے پر بات چیت جلد ہی شروع کی جائے گی۔ اس سے دونوں ممالک کے لیے تجارتی اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات کھلیں گے۔ ہم نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان فضائی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ کاروبار اور لوگوں کی آمد و رفت کو بڑھانے کے لیے، تمل ناڈو کے ناگاپٹنم اور سری لنکا میں کانکے-سنتورئی کے درمیان مسافر فیری خدمات شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

مودی نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بجلی کے گرڈز کو جوڑنے کے کام کو تیز کیا جائے گا۔ بھارت اور سری لنکا کے درمیان پیٹرولیم پائپ لائن کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ لینڈ برج کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ آج سری لنکا میں یو پی آئی کو شروع کرنے کے لیے کیے گئے معاہدے سے فن ٹیک کنکٹیوٹی میں بھی اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:

انھوں نے کہا کہ آج ہم نے ماہی گیروں کے ذریعہ معاش سے متعلق مسائل پر بھی بات کی۔ ہم اس بات سے متفق ہیں کہ ہمیں اس معاملے میں انسانی رویہ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ ہم نے سری لنکا میں تعمیر نو اور باہمی مفاہمت پر بھی بات چیت کی۔ صدر وکرم سنگھے نے مجھے اپنے جامع نقطہ نظر کے بارے میں بتایا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ سری لنکا کی حکومت تملوں کی امنگوں کو پورا کرے گی۔ مساوات، انصاف اور امن کے لیے تعمیر نو کے عمل کو آگے بڑھائے گی۔ تیرہویں ترمیم کے نفاذ اور صوبائی کونسل انتخابات کرانے کی اپنے عہد بندی کو مکمل کرے گی اور سری لنکا کے تمل برادری کے لئے عزت اور احترام کی زندگی کو یقینی بنائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ سال ہمارے دوطرفہ تعلقات کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہندوستانی نژاد تمل برادری سری لنکا میں اپنی آمد کے 200 سال مکمل کر رہی ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اس موقع پر سری لنکا کے ہندوستانی نژاد تمل شہریوں کے لیے 75 کروڑ روپے کی لاگت کے مختلف منصوبے نافذ کئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارت، سری لنکا کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں ترقیاتی پروگراموں میں بھی اپنا تعاون پیش کرے گا۔

مودی نے کہا کہ ایک مستحکم، محفوظ اور خوشحال سری لنکا نہ صرف بھارت کے مفاد میں ہے بلکہ پورے بحر ہند کے خطے کے مفاد میں ہے۔ میں ایک بار پھر یقین دلاتا ہوں کہ سری لنکا کے لوگوں کی اس جدوجہد کی گھڑی میں بھارت کے لوگ ان کے ساتھ ہیں۔ میٹنگ کے بعد وکرما سنگھے شام کو صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے اور رات 8 بجے اپنے ملک روانہ ہوں گے۔ سری لنکا کے صدر کل شام یہاں پہنچے تھے۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر نے شام کو ان سے اور قومی سلامتی کے مشیر ڈوال نے صبح ان سے ملاقات کی۔ (یو این آئی)

ABOUT THE AUTHOR

...view details