چندی گڑھ:خراب موسم کے باعث ایک بار پھر انڈیگو کی پرواز پڑوسی ملک پاکستان میں داخل ہوگئی۔ دو ہفتوں میں یہ دوسرا موقع ہے کہ انڈیگو کی پرواز پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئی ہے۔ پرواز سری نگر سے جموں کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ ٹیک آف کے بعد خراب موسم کے باعث یہ تقریباً پانچ منٹ تک پاکستان کی فضائی حدود میں ہی رہی۔ ایسا صرف ایک مرتبہ نہیں ہوا بلکہ دو مرتبہ یہ پرواز پاکستان کی فضائی حدود سے گزری۔ بالآخر پرواز کو امرتسر میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔
جانکاری کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی دوپہر کو پیش آیا۔ انڈیگو کی پرواز نمبر 6E-2124 نے سری نگر سے تقریباً 3.36 بجے اڑان بھری۔ ٹیک آف کے 28 منٹ بعد خراب موسم کی وجہ سے پرواز جموں و کشمیر کے کوٹ جمیل کے راستے پاکستان میں داخل ہوئی۔ پرواز تقریباً 5 منٹ تک پاکستانی فضائی حدود میں رہی اور سیالکوٹ کے راستے جموں کے لیے روانہ ہوئی لیکن جموں میں خراب موسم کے باعث پرواز وہاں بھی لینڈ نہ کر سکی جس کے بعد پرواز امرتسر کے لیے روانہ ہوئی۔ اس کے بعد تقریباً 4.15 بجے فلائٹ نے دوبارہ ٹیک آف کیا اور پھر پرواز پاکستان کی سرحد میں داخل ہوگئی۔