پٹنہ: جمعہ کو پٹنہ میں ملک کی کئی اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن کی میٹنگ کا بنیادی نکتہ یہ تھا کہ ہم سب ساتھ ہیں۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ہم سب مل کر لڑنے کے لیے ایک مشترکہ ایجنڈا کے ساتھ آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ایک بار پھر 10 یا 12 جولائی کے درمیان شملہ میں ملیں گے۔
میٹنگ کے بعد منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس بھارت کی بنیادوں اور اداروں پر حملہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظریات کی لڑائی ہے لیکن ہم ساتھ کھڑے ہیں، ہم میں کچھ فرق بھی ہوگا۔ لیکن مل کر کام کریں گے اور اپنے مشترکہ نظریے کا دفاع بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگلے ماہ دوبارہ ملیں گے۔ اس اتحاد کو مزید گہرائی تک لے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اپوزیشن اتحاد کا عمل ہے جو آگے بڑھے گا۔ ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ہم سب مل کر لڑنے کے لیے ایک مشترکہ ایجنڈا کے ساتھ آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم اگلی بار 10 یا 12 جولائی کو شملہ میں دوبارہ ملیں گے۔