نئی دہلی: اڈیشہ کے بالاسور میں ٹرین حادثے میں 261 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ 900 سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ حالانکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ ریلوے نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ آئی آر سی ٹی سی صرف 35 پیسے فی مسافر کی ادائیگی پر 10 لاکھ روپے تک کے انشورنس کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کے تحت حادثے میں مختلف اہلیت کے مطابق زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو امدادی رقم فراہم کی جاتی ہے۔ ایسی صورت حال میں ٹکٹ بک کرواتے وقت آپ کو ٹریول انشورنس کا آپشن سلیکٹ کرنا چاہیے۔
ٹریول انشورنس کا انتخاب کیسے کریں :
ٹرین میں سفر کرنے کے لیے آئی آر سی ٹی سی کے ذریعے آن لائن ٹکٹ بک کرتے وقت ریلوے ٹریول انشورنس کا آپشن دیا جاتا ہے۔ لیکن اکثر لوگ اس آپشن کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ اس لیے ٹکٹ کی بکنگ کے دوران انشورنس کا آپشن منتخب کرنا ضروری ہے۔ اگر آپ یہ آپشن منتخب کرتے ہیں تو آپ کے ای میل آئی ڈی اور موبائل نمبر پر ایک لنک بھیجا جاتا ہے۔اس لنک پر کلک کرکے اس ویب سائٹ کو کھولیں اور نامینی کی تفصیلات جیسے نام، موبائل نمبر، عمر اور رشتے وغیرہ بھریں۔ ایسا کرنے سے، اگر کسی قسم کا حادثہ ہوتا ہے، تو بعد میں متاثرہ مسافر یا نامینی شخص اس انشورنس پالیسی کا دعویٰ کر سکے گا۔ ریلوے ٹریول انشورنس ہونے کی وجہ سے، اگر سفر کے دوران کوئی حادثہ پیش آتا ہے، تو ٹرین حادثے میں مسافر کو ہونے والے نقصان کی بھرپائی انشورنس کمپنی کرتی ہے۔ حالانکہ حادثے میں مسافر کو پہنچنے والے نقصان کے مطابق ہی انشورنس کی رقم دی جاتی ہے۔ اگر کوئی مسافر ٹرین حادثے میں ہلاک ہو جاتا ہے تو اس کے خاندان کو 10 لاکھ روپے انشورنس رقم کے طور پر دیئے جاتے ہیں۔ یہی نہیں، اگر ریلوے مسافر حادثے میں مکمل طور پر معذور ہو جاتا ہے، تو اسے بھی انشورنس کمپنی کی جانب سے 10 لاکھ روپے بھی دیئے جاتے ہیں۔