ممبئی:ہندوستانی کرکٹ کے لئے 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں مایوس کن شکست نے ٹیم کے کھیلنے کے انداز پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ہندوستان کو سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں 10 وکٹوں کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ٹیم کی بیٹنگ اپروچ پر بحث شروع ہوگئی۔India Will Take On Sri Lanka In First T20 Match Under New Captain
سینئر کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے فوراً بعد نیوزی لینڈ میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے آرام دیا گیا، جب کہ ٹیم پانڈیا کو سونپی گئی۔ سیریز 1-0 سے جیتنے کے بعد، پانڈیا نے مستقبل کے منصوبوں اور نئے انداز کے ساتھ کھیلنے پر زور دیا۔
سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز نیوزی لینڈ کے دورے کے بعد پانڈیا کی بطور کپتان پہلی مہم ہے۔ پانڈیا اس سیریز میں بھی روہت شرما کی غیر موجودگی میں کپتانی کر رہے ہیں، اور کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں ٹیم کی باگ ڈور سنبھالنے کے بارے میں بی سی سی آئی کی طرف سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ تاہم، یہ سیریز ہندوستانی ٹی20 ٹیم میں ممکنہ تبدیلیوں کو واضح کر سکتی ہے۔
پانڈیا کو کپتانی سونپنے کے علاوہ سوریہ کمار یادو کو اس سیریز کے لیے نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ سوریہ کمار 2022 میں ہندوستان کے لئے سب سے زیادہ ٹی 20 رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے 187.43 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1164 رنز بنائے جس کے لیے انہیں ترقی سے نوازا گیا۔
سری لنکا کے خلاف یہ سیریز بہت سے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ہوگی۔ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کی طرف بڑھتے ہوئے، ہندوستان اس فارمیٹ میں ایک نئی ٹیم بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ جہاں سوریہ کمار یادو کو نائب کپتان کے کردار میں پرفارم کرنے کا موقع ملے گا، وہیں ایشان کشن اور روتوراج گائیکواڑ جو طویل عرصے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپس آئے ہیں، وہ بھی موقع ملنے پر اس کا اچھا استعمال کرنا چاہیں گے۔
تقریباً سات ماہ تک ہندوستانی ٹیم میں رہنے کے باوجود، راہل ترپاٹھی نے ابھی تک اپنا قومی ڈیبیو نہیں کیا ہے۔ ترپاٹھی کے ساتھ نوجوان تیز گیند باز شیوم ماوی اور مکیش کمار کو بھی اس سیریز میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل سکتا ہے۔