نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز اپنی حکومت کی تیسری مدت کے لیے اپنا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اب سے زیادہ تیزی سے ترقی کی شرح کے ساتھ دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔ مودی حکومت آئندہ مئی میں اقتدار میں اپنے 10 سال مکمل کرے گی اور وہ اقتدار کے تخت پر تیسری مدت کے لیے کوشاں ہے۔ وزیراعظم نے قومی دارالحکومت میں ایک عالمی معیار کے کنونشن سینٹر کی نقاب کشائی کے بعد کہا کہ ہمیں اگلے 25 سالوں میں بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کا ہدف حاصل کرنا ہے۔
پی ایم مودی کا کہنا ہے کہ تیسری مدت میں بھارت دنیا کی ٹاپ 3 معیشتوں میں شامل ہوگا۔ انہوں نے نیتی آیوگ کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت یقینی طور پر غربت کو ختم کر سکتا ہے جس میں 13.5 کروڑ غریبوں کو غربت سے نکالنے کی بات کی گئی ہے۔ اپنے نو سالہ دور حکومت میں ہوائی اڈوں کی تعداد سے لے کر سٹی گیس کی توسیع سے لے کر ریلوے لائن الیکٹریفیکیشن تک ترقی کے اعدادوشمار کو بیان کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 2014 میں جب بی جے پی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو بھارت 10ویں بڑی معیشت تھی۔
یہ ملک اب امریکہ، چین، جرمنی اور جاپان کے بعد دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی نمائش-کم-کنونشن سینٹر (آئی ای سی سی) کمپلیکس جس کا نام بدل کر بھارت منڈپم رکھا کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنائیں گے جو فرسٹ نیشن فرسٹ سیٹیزین کے اصول پر کام کر رہے ہیں۔ مودی نے کہا کہ جب ان کی حکومت نے 2014 میں اقتدار سنبھالا تو بھارتی معیشت دسویں نمبر پر تھی اور اب یہ دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی تیسری میعاد میں دنیا کی سب سے بڑی تین معیشتوں میں سے ایک ہوگا۔ میں قوم کو اس کا یقین دلانا چاہتا ہوں کیونکہ یہ مودی کی گارنٹی ہے۔ مودی نے کہا کہ بھارت منڈپم، جو ستمبر میں بھارت کی صدارت میں جی 20 سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا، کانفرنس ٹورازم کو فروغ دے گا۔ اس کے علاوہ دنیا بھارت کے بڑھتے قد کا مشاہدہ بھی کرے گی جب نو تعمیر شدہ بھارت منڈپم G20 سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔