بھارت نے اتوار(آج) سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالی ہے۔ اگست 2021 میں سلامتی کونسل کی صدارت بھارت کے پاس ہوگی۔ اقوام متحدہ میں بھارتی نمائندے ٹی ایس تیرو مورتی نے بتایا کہ اس دوران بھارت تین اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرنے جارہا ہے۔ جس میں میری ٹائم سکیورٹی، امن قائم کرنے اور انسدادِ دہشت گردی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی اقوام متحدہ میں بھارت کے سابق نمائندے سید اکبر الدین نے کہا کہ 75 برسوں میں پہلی بار ہماری سیاسی قیادت نے یو این ایس سی کے ایک ایونٹ کی صدارت کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ لیڈر شپ اب فرنٹ سے قیادت کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سلامتی کونسل میں یہ بھارت کی 8ویں مدت ہے۔ 'نریندر مودی پہلے ہندوستانی وزیراعظم ہوں گے جو سلامتی کونسل کے کسی بھی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس سے قبل سنہ 1992 میں اُس وقت کے وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ ایک ورچوئل میٹنگ ہوگی لیکن یہ ہمارے لیے تاریخی ہے۔