بھارت نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی ہائی کمشنر مشیل بیچلیٹ کے کشمیر میں مواصلات پر بندشوں اور یو اے پی اے کے استعمال سے متعلق تبصرے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
بھارت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں وزارت خارجہ کی سیکرٹری (مغربی) رینات سندھو نے کہا 'ہم ہائی کمشنر کے تبصرے میں بھارت کے حوالوں کا نوٹ لیتے ہیں اور جموں و کشمیر پر ان کے غیر ضروری تبصروں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہیں۔ جو زمینی حقیقت کی عکاسی نہیں کرتے ہیں۔'
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی ہائی کمشنر مشیل بیچلیٹ نے صحافیوں پر دباؤ، یو اے پی اے کے استعمال اور جموں و کشمیر میں 'بار بار' عارضی مواصلاتی بلیک آؤٹ پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں یو اے پی اے کا استعمال تشویشناک ہے اور کہا کہ سیکڑوں لوگ حراست میں ہیں۔
بھارت نے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر کی طرف سے جموں و کشمیر کے تمام مشاہدات کی تردید کی ہے۔
وزارت خارجہ کی سیکرٹری رینات سندھو کی طرف سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 'انسانی حقوق کے عالمی فروغ اور تحفظ کے لیے بھارت کا نقطہ نظر جامع معاشرے اور متحرک جمہوریت کے طور پر ہمارے اپنے تجربے پر مبنی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کا سب سے بہتر انداز میں مکالمہ، مشاورت اور تعاون ریاستوں کے درمیان اور تکنیکی مدد اور صلاحیت کی فراہمی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔'