بھارت میں کووڈ-19 کے ایک دن میں 16,156 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد، ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 3,42,31,809 ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہو کر 1,60,989 ہو گئی ہے جو گزشتہ 243 دنوں میں سب سے کم ہے۔
جمعرات کی صبح 8 بجے مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن سے مزید 733 افراد کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 4,56,386 ہو گئی ہے۔
ملک میں مسلسل 34 دنوں سے کووڈ 19 کے یومیہ کیسز 30 ہزار سے کم ہیں اور 123 دنوں سے روزانہ 50 ہزار سے کم نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ملک میں کووڈ-19 کے زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہو کر 1,60,989 پر آ گئی ہے، جو کہ کل کیسز کا 0.47 فیصد ہے۔ یہ شرح مارچ 2020 کے بعد سب سے کم ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زیر علاج مریضوں کی تعداد میں 1672 کی کمی واقع ہوئی ہے۔ مریضوں کی صحت یابی کی قومی شرح 98.20 فیصد ہے جو مارچ 2020 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
وزارت صحت کے مطابق ملک میں اب تک ویکسین کی 1.04 عرب ڈوز دی جا چکی ہیں۔