چین کو پیغام کے طور پر دیکھے جانے والے ایک بیان میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ اگرچہ بھارت ایک امن پسند ملک ہے، لیکن اس میں جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت ہے۔
بارڈر روڈس آرگنائزیشن کے ذریعہ تعمیر کی جانے والی 12 اسٹریٹجک سڑکوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے بھارت کو عالمی امن کا پجاری قرار دیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بھارت کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔
سنگھ نے کہا 'ہم عالمی امن کے خواہاں ہیں (لیکن) اگر کوئی ہمیں ناگوار رویہ دکھائے گا تو ہم اس کا جواب دیں گے۔'
سنگھ نے کہا 'نئی سڑکیں بین الاقوامی سرحدوں کو محفوظ رکھنے میں مدد کریں گی۔'
سنگھ نے کہا 12 اسٹریٹجک سڑکیں جن میں اروناچل پردیش میں 10 اور لداخ اور جموں و کشمیر میں ایک ایک ہے، نہ صرف ملکی دفاع کو مضبوط کریں گی بلکہ بین الاقوامی سرحد پر فوج کی تیزی سے نقل و حرکت کو آسان بنائے گی۔
راجناتھ سنگھ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب چین کی فوج سرحد پر ہاٹ اسپرنگس اور گوگرا پوسٹ میں اپنے جگہ پر قائم ہے۔ گزشتہ برس لداخ میں گلوان وادی میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئے تھے۔ جس دوران دونوں اطراف ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔