حیدرآباد: بھارت کا تاریخی قمری مشن چندریان 3 چاند کے جنوبی قطب کی سطح پر کامیابی کے ساتھ لینڈ کر گیا ہے۔ چندریان 3 کے چاند پر کامیابی کے ساتھ لینڈ ہوتے ہی بھارت چاند کے جنوبی قطب پر پہنچنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ بھارت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے، کیونکہ بھارت چاند کی سطح پر سافٹ لینڈنگ کی پیچیدہ تکنیک میں کامیابی حاصل کرنے والا چوتھا ملک بن گیا ہے۔ اس سے قبل امریکہ، چین اور سویت یونین یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
چیندریان تھری کے کامیاب لینڈینگ کے بعد جنوبی افریقہ سے وزیراعظم نریندر مودی نے ورچوئلی خطاب کیا اور ملک کی عوام ساتھ ساتھ اسرو کے سائنسدانوں کو مبارک باد دی۔ وزیراعظم مودی اس وقت برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جوہانسبرگ میں ہیں۔ اس کے بعد اسرو کے چیئرمین ڈاکٹر ایس سومناتھ نے چندریان مشن کے تمام عملہ اور ڈائریکٹر کو مبارک باد پیش کی۔ اس تاریخی کامیابی کی وجہ سے اسرو کیمپلیکس میں خوشی کا ماحول تھا اور ہر کوئی ایک دوسرے کو مبارک باد دے رہا ہے۔