مرکز سمیت ملک کی تمام ریاستوں نے بھی یوم آزادی کو بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ منایا، سرکاری و غیر سرکاری دفاتر کے ساتھ تمام ملی سماجی اداروں نے بھی اس دن پر بھارت کی آن بان شان ترنگے کی پرچم کشائی کی۔ اترپردیش کے ضلع مظفرنگر میں واقع مدرسہ جامعہ امدادیہ میں پورے جوش و جذبے کے ساتھ اس دن کو منایا مدارس کے اساتذہ نے مل کر پرچم کشائی کی قومی ترانہ گایا۔
ملک بھرمیں آزادی کی 75 ویں سالگرہ کا جشن دھوم دھام سے منایا گیا جشن یوم آزادی کو پورے ملک میں ایک تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے۔ میرٹھمیں بھی مختلف شعبوں کے علاوہ تعلیمی اداروں میں بھی پرچم کشائی کی رسم ادا کی گئی۔ جشن یوم آزادی کے موقع پر میرٹھ کے اسماعیل گرلز انٹر کالج میں پرچم کشائی کی رسم ادا کی گئی ساتھ کورونا کی گائڈ لائنز کا خیال رکھتے ہوئے محدود تعداد کے ساتھ طلبا نے شرکت کی۔
سہارنپور کے دیوبند کے گاؤں مان کی میں پہلی بار جامع مسجد کے گیٹ پر 51 فٹ اونچا پول لگایا گیا اور اس پر قومی ترنگا لہرایا گیا۔ بی جے پی کے ایم ایل اے کور برجیش سنگھ نے گاؤں کے پردھان معمور اور گاؤں والوں نے ساتھ مل کر مسجد کے گیٹ پر قومی ترنگا لہرایا اور قومی گیت کے ساتھ 'بھارت ماتا کی جے' کے نعرے لگائے گئے۔ اس دوران گاؤں والوں میں کافی خوشی دیکھنے کو ملی ہزاروں کی تعداد میں ہندو-مسلم نے یہاں بھائی چارے کی ایک مثال قائم کی۔
بھارت کی اس 75ویں یوم آزادی کے تعلق سے ملک کا ہر بزرگ نوجوان اور بچہ اپنے ہاتھوں میں ملک کا پرچم لے کر گلی محلوں اور سڑکوں پر آزادی کا جشن منا رہا ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر مرادآباد شہر سے رکن اسمبلی ریتیش گپتا نے میڈیا سے کہا کہ بھارت کی سرحدوں پر تعینات ان آرمی جوانوں کو بھی یوم آزادی مبارک۔
مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندورمیں یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر شہر قاضی ڈاکٹر سید اسد علی کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی، جس میں شہر کے معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہر قاضی ڈاکٹر صداقت علی نے کہا کہ 'آزادی اتنی آسانی سے نہیں ملی، اس کے لیے ہمارے مجاہدین آزادی نے بڑی جدوجہد کی ہے اور یہ بات آنے والی نسلوں کو ہم تک پہنچانا ہے'۔ وہیں جماعت اسلامی ہند کے مولانا ندیم رضا نے کہا کہ'ترنگا پرچم ہماری آن بان شان ہے، تحریک آزادی میں ہمارے علما نے اپنی جانیں ملک کی خاطر قربان کیں تب کہیں جاکے ہمیں یہ آزادی ملی ہے'۔
کرناٹک کے ضلع یادگیرمیں ملک کی 75 ویں یوم آزادی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ریاستی وزیر برائے تعلیم و ضلع نگران وزیر ناگیش نے رسم پرچم کشائی انجام دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر تعلیم و یادگیر ضلع نگران وزیر ناگیش نے 75 ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 'آج کا دن ملک کی آزادی میں بلا مذہب و ملت اپنی جانوں کو قربان کرنے والے شہیدوں کو یاد کرنے کا دن ہے'۔
تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں بھی یوم آزادی کو بچے بوڑھے جوان مردو خواتین سبھوں نے مل جل کر کو بڑے ہی جوش جذبہ سے منایا۔ مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمان اسدالدین اویسی نے حیدرآباد میں پرچم کشائی کی۔ حیدرآباد کے علاقہ ٹولی چوکی میں انٹرنیشنل کراٹے چیمپئن سیدہ فلک نے سیلف ڈیفنس اکیڈمی کے آغاز کیا۔ اس اکیڈمی کا افتتاح یوم جمہوریہ تقریب کے موقع پر صدر مجلس اسدالدین اویسی نے کیا۔
واضح رہے کہ یوم آزادی بھارت میں ہر سال 15 اگست کو قومی تعطیل کے طور پر منایا جاتا ہے۔ سنہ 1947 میں اسی تاریخ کو بھارت نے ایک طویل جدوجہد کے بعد مملکت متحدہ کے استعمار سے آزادی حاصل کی تھی۔ برطانیہ نے قانون آزادی ہند 1947 کا بل منظور کر کے قانون سازی کا اختیار مجلس دستور ساز کو سونپ دیا تھا۔ یہ آزادی تحریک آزادی ہند کا نتیجہ تھی جس کے تحت انڈین نیشنل کانگریس کی قیادت میں پورے بھارت میں تحریک عدم تشدد اور سول نافرمانی میں عوام نے حصہ لیا اور اس جدوجہد میں ہر کس و ناکس نے اپنا تعاون پیش کیا۔