امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہریس نے بھارت کو مہلک وبا کورونا وائرس پر قابو پانے میں مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
بائیڈن نے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ جس طرح بھارت نے امریکہ کو امداد بھیجی تھی جب عالمی وبا شروع ہونے کے ساتھ ہی ہمارے اسپتالوں پر دباؤ بہت بڑھ گیا تھا، اسی طرح ہم ضرورت کے اس وقت میں بھارت کی مدد کے لئے پرعزم ہیں۔
امریکی صدر بھارت میں پیش آنے والی پیشرفتوں پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ کملا ہریس نے بھی ٹویٹ کیا اور لکھا کہ امریکہ میں کووڈ 19 کے انفیکشن تشویشناک اضافے کے دوران اضافی مدد اور سامان بھیجنے کے لئے بھارتی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ مدد دینے کے علاوہ 'ہم بھارت کے صحت عملہ اور اس کے شہریوں کے لئے بھی دعا کر رہے ہیں۔'
بائیڈن اور ہریس کے ٹویٹس بھارت میں حالیہ کووڈ 19 کے مہلک پھیلاؤ کے بعد امریکی اعلی قیادت کی جانب سے پہلا ردعمل ہیں۔