نئی دہلی:وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے کئے گئے اعلان کے چند گھنٹے بعد بھارت نے ہندوستانی فضائیہ کے ایک طیارے میں سوار زلزلہ سے متعلق امدادی سامان کی پہلی کھیپ ترکیہ کو روانہ کر دی ہے۔ یہ کھیپ ایک ماہر نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ( این ڈی آر ایف) اور بچاؤ ٹیم پر مشتمل ہے، جس میں مرد اور خواتین دونوں اہلکار، ڈاگ اسکواڈ، طبی سامان ، ڈرلنگ کے جدید آلات اور امدادی کوششوں کے لیے درکار دیگر اہم آلات شامل ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت کی انسانی امداد اور ڈیزاسٹر ریلیف (HADR) ٹیم کافی ہنر مند ہیں۔ زلزلہ سے متعلق امدادی سامان کی پہلی کھیپ، این ڈی آر ایف اور بچاؤ ٹیمیں، خصوصی طور پر تربیت یافتہ ڈاگ اسکواڈ، طبی سامان، ڈرلنگ مشینوں اور دیگر ضروری آلات کے ساتھ ترکی کے لیے روانہ ہوئی ہیں۔
قبل ازیں و زیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز ترکیہ اور آس پاس کے علاقوں میں آنے والے زبردست زلزلے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ پی ایم مودی نے ٹویٹ کیا کہ ترکیہ میں زلزلے کی وجہ سے انسانی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر غمزدہ ہوں اور سوگوار خاندانوں کو تعزیت پیش کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ انھوں نے مزید لکھا کہ کہ بھارت اس سانحہ کے وقت ترکیہ کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور اس سانحے سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ بھارت میں ترکی کے سفیر فرات سنیل نے بھارتی حکومت کی طرف سے مدد کی پیشکش پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ حقیقی دوست وہی جو مصیبت میں کام آئے۔ انہوں نے ترکی کے ایک محاورے کا بھی ذکر کیا کہ دوست کارا گندے بیلی اولور، جس کا مطلب ہے ضرورت کے وقت جو کام آئے وہی حقیقی دوست ہے۔