ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے سربراہ آکر پٹیل نے عمر خالد کی ضمانتی عرضی مسترد کیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ' جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے سابق رہنما اور طالب علم عمر خالد کی ضمانتی عرضی کو ایک بار پھر مسترد کیا گیا۔ امتیازی شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پر امن احتجاج کرنے پر ان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج ہے۔'
بار بار عمر خالد کی ضمانتی عرضی مسترد کرنا ملک میں اظہار آزادی اور پرامن احتجاج کے اپنے حقوق کا استعمال کرنے والے ہر فرد کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے۔ عمر خالد کو 18 ماہ سے زائد عرصے تک مسلسل حراست رکھنا تنقیدی آوازوں کے لیے تیزی سے سکڑتی ہوئی جگہ کے پس منظر میں آتی ہے اور ہر اس شخص کے لیے ایک مثال قائم کرتی ہے جس کے خیالات سے حکام متفق نہیں ہیں۔'
یو اے پی اے کے تحت خالد کی مسلسل نظربندی بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون اور معیارات کے بالکل خلاف ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے بھارتی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خالد اور دیگر تمام انسانی حقوق کے کارکنان کو فوری طور پر اور غیر مشروط طور پر رہا کریں جو صرف اپنی مخالفت کا اظہار کرنے اور سی اے اے کے خلاف پرامن احتجاج کرنے پر من مانی طور پر حراست میں لیے گئے ہیں۔'