نئی دہلی: حزب اختلاف انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کی اگلی میٹنگ 19 دسمبر کو قومی دارالحکومت میں منعقد ہوگی۔ کانگریس کے رہنما جے رام رمیش نے ایکس پر لکھا کہ "انڈیا پارٹیوں کے رہنماؤں کی چوتھی میٹنگ 19 دسمبر 2023 بروز منگل کو نئی دہلی میں سہ پہر 3 بجے منعقد ہوگی۔" واضح رہے کہ اس سے پہلے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے 6 دسمبر کو انڈیا اتحاد لیڈروں کی میٹنگ بلائی تھی۔
تاہم، جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سپریمو اور بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار، ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن سمیت اہم لیڈروں کے میٹنگ میں شرکت کی تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے میٹنگ کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ لوک سبھا انتخابات کے لیے سیٹوں کی شیئرنگ کے حوالے سے انڈیا اتحاد کی یہ میٹنگ کافی اہم ہوگی اور یہ کانگریس کے لیے بھی اہم ہو گا، خاص طور پر جب پارٹی راجستھان، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش اسمبلی میں شکست کھا گئی ہو۔