دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی طرف ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے، ہند اور امریکہ نے فضا سے لانچ کئے جانے والے 'بغیر پائلٹ کے گاڑیوں' کے لئے ایک پراجیکٹ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ وزارت دفاع اور امریکی محکمہ دفاع کے درمیان اس معاہدہ پر 30 جولائی کو ڈیفنس ٹیکنالوجی اینڈ ٹریڈ انیشی ایٹو (ڈی ٹی ٹی آئی) میں فضائی نظام سے متعلق پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے تحت دستخط کئے گئے تھے۔ وزارت دفاع نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔
یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان جنوری 2006 میں طے پانے والی یادداشت مفاہمت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے جنوری 2015 میں اس ایم او یو پر دوبارہ دستخط کیے۔ اسے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی سازوسامان کی مشترکہ تیاری کے ذریعے دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔