نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں انڈیا ،میکسیکو پارلیمانی دوستی گروپ کے صدر ڈپٹی سلواڈور کیروکیبریرا کی قیادت میں میکسیکو کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر برلا نے گزشتہ سال اپنے دورے کے دوران میکسیکو میں انڈیا ،میکسیکو فرینڈشپ گارڈن کے افتتاح کا ذکر کرتے ہوئے بھارت، میکسیکو پارلیمانی تعلقات کو مزید قریب کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی وابستگیوں کا ذکر کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ بھارت اور میکسیکو جمہوری اقدار پر یقین رکھتے ہیں، جس سے ان کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ کہ دونوں ملکوں کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کی بہترین روایات اور تجربات کا تبادلہ کرتے رہنا چاہیے۔ برلا نے امید ظاہر کی کہ دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان اس طرح کے مذاکرات ہوتے رہیں گے۔
بھارت اور میکسیکو کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے سلسلے میں برلا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور میکسیکو کے صدر نے نئی اقتصادی اصلاحات کی ہیں، جس سے ہندوستان اور میکسیکو میں سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔ دنیا کی 5ویں بڑی معیشت ہونے کے حوالے سے برلا نے کہا کہ میکسیکو لاطینی امریکہ میں بھی ایک مضبوط، متحرک اور سرکردہ معیشت ہے۔