نئی دہلی: ہندوستان اور مالدیپ نے دفاعی تعاون اور طویل مدتی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور سیکورٹی چیلنجوں سے مشترکہ طور پر نمٹنے اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ مالدیپ کے دورے پر گئے سنگھ نے وہاں کی وزیر دفاع ماریہ دیدی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان دفاعی تعاون اور دیرینہ شراکت داری کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے باہمی تشویش کے وسیع علاقائی اور عالمی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں وزراء نے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو برقرار رکھنے کی اہمیت کا اعادہ کیا اور مشترکہ سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی قوانین اور قواعد پر مبنی بین الاقوامی نظام کے احترام کی اہمیت کو نوٹ کیا اور ان اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں وزراء نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان جاری دفاعی تعاون میں پیش رفت کا خیرمقدم کیا، جس میں مشترکہ مشقیں اور فوجی حکام کے ایک دوسرے کے ممالک کے دورے شامل ہیں۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، سائبر سیکیورٹی اور میری ٹائم سیکیورٹی جیسے شعبوں میں بہترین طریقوں اور مہارت کے اشتراک کی اہمیت پر بھی زور دیا۔