نئی دہلی: اپوزیشن اتحاد 'انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس' (انڈیا) کی اتحادی جماعتوں کی میٹنگ دہلی میں جاری ہے۔ اس میٹنگ میں سیٹوں کی تقسیم مشترکہ جلسہ عام اور اگلے لوک سبھا انتخابات کے لیے نئی حکمت عملی بنانے سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس موقع پر کانگریس صدر کھرگے نے کہا کہ ملک بھر میں 'انڈیا' اتحاد کی کم از کم 8-10 میٹنگیں ہوں گی۔ اطلاعات کے مطابق میٹنگ میں سیٹوں کی تقسیم، مشترکہ جلسہ عام اور اگلے لوک سبھا انتخابات کے لیے نئی حکمت عملی بنانے سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ میٹنگ حال ہی میں ختم ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی خراب کارکردگی کے پس منظر میں ہوئی۔ راجستھان، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
قابل ذکر ہو کہ قومی دارالحکومت میں اپوزیشن اتحاد کی میٹنگ میں ایک اہم پیش رفت میں، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کا نام اپوزیشن بلاک انڈیا کے وزیر اعظم کے امیدوار کے طور پر تجویز کیا۔ لیکن کانگریس کے تجربہ کار رہنما نے کھرگے نے کہا کہ پہلے یہ اہم ہے کہ ہم جیتیں، باقی سب کا فیصلہ بعد میں کیا جا سکتا ہے۔
تاہم ذرائع کے مطابق اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ اس میٹنگ میں 28 اپوزیشن لیڈروں کی موجودگی میں ملک کے پہلے دلت وزیر اعظم بننے کے امیدوار کے طور پر کھرگے کا نام تجویز کیا گیا تھا۔ لیکن کھرگے نے کہا، "میں پسماندہ لوگوں کے لیے کام کرتا ہوں۔ پہلے ہم انتخابات جیتتے ہیں، پھر دیکھیں گے۔"
اطلاعات کے مطابق 'انڈیا' اتحاد ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری، کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی ضمانت اور کارکنوں کے لیے سماجی تحفظ کے مسائل کو بھی آگے بڑھا سکتی ہے۔ 26 اپوزیشن جماعتوں نے اگلے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کا مقابلہ کرنے کے لیے 'انڈیا ' اتحاد بنایا ہے۔ اب تک 'انڈیا' اتحاد کی تین میٹنگیں پٹنہ، بنگلورو اور ممبئی میں ہو چکی ہیں۔