رام پور: سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر محمد اعظم خان کو ہتک عزت کے ایک معاملے میں جمعرات کو ممبئی کی میٹرو پولیٹن کورٹ میں پیش کیا گیا۔ جس کے لیے اعظم خان جمعرات کو دہلی ایئرپورٹ سے ممبئی کے لیے روانہ ہوئے۔ اسی دوران کسی نے اعظم خان کے ایئرپورٹ میں داخل ہونے کا ویڈیو بنایا اور ویڈو میں قابل اعتراض جملے کا استعمال کرتے ہوئے طرح طرح کے الزامات لگاتے ہوئے ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔ جس پر اعظم خان کی اہلیہ، سابق ایم ایل اے اور سابق راجیہ سبھا کی رکن ڈاکٹر تزئین فاطمہ نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اعظم خان کی اہلیہ ڈاکٹر تزئین فاطمہ نے کہا کہ میں کہنا چاہتی ہوں کہ لوگ اعظم خان کی شبیہ کو نقصان پہنچانے کے لیے اس حد تک بھی جاسکتے ہیں۔ اعظم خان کو ہفتہ کو ممبئی کی عدالت میں بلایا گیا تھا، جس کے لیے عدالت کی جانب سے ایک رسمی سمن بھیجا گیا تھا اور اسی سلسلے میں سنیچر کو ممبئی کی عدالت میں پیشی تھی۔ لیکن کچھ لوگوں نے ایسی قابل اعتراض ویڈیو وائرل کر دی ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ اعظم خان کو عدالت نہیں جانا پڑا اور نہ ہی عدالت کا کوئی وارنٹ تھا۔ وہ یہاں صرف سزا سے بچنے کے لیے آئے تھے۔