اننت ناگ:وادی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں آج سیاحوں کی آمد میں کافی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جس کی وجہ سے سیاحت سے جڑے افراد نے ایک اچھے سیاحتی سیزن کی امید ظاہرکی ہے۔ وادی میں جہاں دفعہ 370 کی منسوخی اور کوویڈ 19 کی وجہ سے سیاحتی سرگرمیاں کافی متاثر ہوگئی تھیں، وہیں دو سال کے بعد پہلگام میں سیاحتی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوگئی ہیں اور پھر سے وہاں رونقیں لوٹ آئی ہیں۔
وادی کے دیگر سیاحتی مقامات کے ساتھ ساتھ امر ناتھ یاترا کے نام سے مشہور پہلگام میں عقیدت مندوں کی آمد میں بھی کمی واقع ہوئی تھی۔ پہلگام کے ہوٹل مالکان شدید مالی مشکلات سے دو چار تھے، اسکے علاوہ یہاں کے گھوڑے مالکان اور سیاحت سے جڑے دیگر افراد بھی کسمپرسی کی حالت میں تھے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے 19 اگست 2019 کو دفعہ 370 کو ختم کرنے کے بعد یہاں کی سیاحت کو شدید نقصان پہنچا تھا، جسکے بعد امید کی جارہی تھی کہ آنے والا سیزن کافی کارآمد ثابت ہوگا، لیکن کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سیاحتی سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہوگئی تھیں۔
پہلگام میں سیاحتی سرگرمیاں دوبارہ بحال
گذشتہ چند برسوں میں ریڑ کی ہڈی کہلانے والا سیاحتی شعبہ کہیں نہ کہیں بری طرح سے متاثر ہوا تھا، لیکن رواں برس سیاحوں کی آمدورفت میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، جس سے سیاحتی شعبے سے روزگار کمانے والے لوگ کافی خوش نظر آرہے ہیں۔ وہیں مختلف ریاستوں سے آنے والے سیاحوں کا کہنا ہے 'کشمیر آکر انہیں کافی خوشی محسوس ہورہی ہے، کیونکہ کشمیر میں انہیں مختلف طرح کی خوبصورتی کو دیکھنے کا موقع ملا۔ ان کا کہنا ہے کہ 'کشمیر میں انہیں کبھی بھی کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں:۔ Tourists Enjoying in Pahalgam: پہلگام میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ
سیاحوں کے مطابق کشمیر میں آنے کے بعد تمام طرح کے خدشات دور ہو جاتے ہیں جبکہ مقامی لوگوں کا تعاون اور مہمان نوازی بھی یہاں کا ایک منفرد پہلو بیان کرتا ہے۔ واضع رہے کہ پہلگام میں رواں برس کے پہلے مہینے سے اب تک تقریباً تین لاکھ سیاحوں کی آمد ہوئی ہے۔ جبکہ 30 ہزار مقامی سیاح بھی پہلگام میں سیر تفریح کے لیے آئے۔ تاہم اس دوران محض 192 غیر ملکی سیاح ہی پہلگام آئے ہیں۔ ایسے میں توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند روز میں سیاحوں کا یہ گراف مزید بڑھے گا اور یہاں کی سیاحتی صنعت واپس پٹری پر لوٹ آئے گی۔