بھارت میں 2020 میں بچوں کے ذریعہ قتل کی واردات کو انجام دینے کے معاملات میں قدرے اضافہ درج کیا گیا ہے، جبکہ اسی عمر کے گروپ میں قتل کی کوششوں میں کمی آئی ہے۔نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کی حال ہی میں جاری کردہ سالانہ رپورٹ 'کرائم ان انڈیا 2020' کے مطابق، ملک میں 2019 میں نابالغوں کے خلاف قتل کے 827 مقدمات درج کیے گئے تھے، جبکہ 2020 میں 842 نابالغوں کے خلاف قتل کی کوشش کے مقدمات درج کیے گئے۔
ان میں مختلف ریاستوں میں 772، مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں 70 نابالغوں پر قتل کے الزامات لگے۔ مدھیہ پردیش میں سب سے زیادہ 135، مہاراشٹر میں 125 اور تمل ناڈو میں 104 ایسے کیس درج ہوئے ہیں۔ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس طرح کے معاملات کی تعداد سب سے زیادہ 57 دہلی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2019 میں ریاستوں میں 750 اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں نابالغوں پر77 قتل کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔ دہلی میں 72، مہاراشٹر میں 122، تمل ناڈو میں 92 اور مدھیہ پردیش میں 84 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔
این سی آر بی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں قتل کی کوشش کے جرم میں ملوث نابالغ بچوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ سال 2019 میں ملک بھر میں جہاں کل ایسے 994 معاملے درج کئے گئے تھے، وہیں 2020 میں 981 بچوں پر قتل کی کوشش کے الزام لگے۔