ترواننت پورم:کیرالہ بند کے دوران ریاست کے مختلف حصوں میں تشدد کے واقعات کی اطلاع ملی ہے۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) نے آج بند کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کی صبح انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور این آئی اے کے اہلکاروں کی ایک مشترکہ ٹیم کے ذریعہ جس طرح سے پی ایف آئی کے سرکردہ رہنماؤں کو گرفتار کیا ہے، اس کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے پی ایف آئی کی کیرالہ یونٹ نے جمعہ کو صبح سے شام تک بند کی کال دی ہے، تاہم اس بند کی کال سے بنیادی خدمات کو مستثنی رکھا گیا ہے۔ Incidents of violence at several places during the Kerala Bandh
کیرالہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں (کے ایس آر ٹی سی) پر مختلف اضلاع بشمول ترواننت پورم، کولم، کوزی کوڈ، وایناڈ اور الاپپوزا میں مبینہ طور پر پتھراؤ کیا گیا۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ صبح ایک گاڑی پر پٹرول بم پھینکا گیا جو کننور کے نارائن پارہ میں اخبارات لے کر جا رہی تھی۔ تاہم اس سلسلے میں ابھی تک سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ یہ حملہ کس کی جانب سے کیا گیا ہے۔
الپپوزا میں کے ایس آر ٹی سی کی بسوں، ایک ٹینکر لاری اور کچھ دیگر گاڑیوں کو مبینہ طور پر ہرتال کال کی حمایت کرنے والوں کی طرف سے پتھراؤ میں نقصان پہنچا۔ کوزی کوڈ اور کننور میں بالترتیب پی ایف آئی کارکنوں کے ذریعہ مبینہ طور پر پتھراؤ میں ایک 15 سالہ لڑکی اور ایک آٹو رکشہ ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں۔ دریں اثنا کیرالہ پولیس نے ریاست میں سیکورٹی کو بڑھا دیا اور پی ایف آئی کی طرف سے ایک دن کی ریاست گیر ہڑتال کی کال کے بعد امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ضلع پولیس کے سربراہوں کو ہدایات جاری کیں۔