نئی دہلی: سپریم کورٹ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ سنجے کمار مشرا کی مدت ملازمت میں 15 ستمبر تک توسیع کی اجازت دیتے ہوئے جمعرات کو واضح کیا کہ اس کے بعد کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے سنجے مشرا کی میعاد 15 اکتوبر تک بڑھانے کی درخواست کی تھی۔ لیکن جسٹس بی. آر گاوائی، جسٹس وکرمناتھ اور جسٹس سنجے کرول کی بنچ نے کہا کہ وہ وسیع عوامی اور قومی مفاد میں توسیع دے رہی ہے، لیکن مشرا 15 ستمبر کی آدھی رات کے بعد ای ڈی کے سربراہ کے عہدے سے دستبردار ہو جائیں گے۔
سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے ای ڈی کی مدت میں توسیع کی مرکز کی درخواست پر سوال اٹھایا اور پوچھا کہ کیا سبکدوش چیف کے علاوہ پورا محکمہ نااہل لوگوں سے بھرا ہوا ہے۔ بنچ نے مرکز کی طرف سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا سے پوچھا کہ کیا ہم ایسی تصویر پیش نہیں کر رہے ہیں کہ ان کے علاوہ کوئی اور شخص نہیں ہے اور پورا محکمہ نااہل لوگوں سے بھرا ہوا ہے۔
سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے دلیل دی کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے جائزے کے پیش نظر ای ڈی کی موجودہ قیادت کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایف اے ٹی ایف کی درجہ بندی کے معاملے کو جاری رکھے۔ مہتا نے کہا کہ مشرا کی موجودگی لازمی نہیں ہے لیکن جائزہ لینے کے پورے عمل اور درجہ بندی کے لیے ان کی موجودگی ضروری ہے۔