گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا کے امام گنج تھانہ انچارج نیر اعجاز کو ایس ایس پی نے معطل کردیا ہے۔ تھانہ حاجت میں بند ایک ملزم کی مبینہ خودکشی معاملے میں نیر اعجاز کو معطل کیا گیا ہے۔ نیر اعجاز سرکل انسپکٹر رینک کے افسر ہیں۔ ضلع کے ایس ایس پی ہرپریت کور نے امام گنج تھانہ حاجت میں شنکر داس کی خودکشی کے معاملے میں تھانہ انچارج نیر اعجاز احمد کو معطل کر دیا ہے۔
ایس ایس پی ہرپریت کور نے کہا کہ اگر کسی ملزم کو گرفتار کر کے حوالات میں رکھا جائے تو تھانہ انچارج کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ اسے صحیح سلامت جیل بھیجے، تاہم یہاں اس معاملے میں تھانہ انچارج نے غفلت برتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتہ امام گنج تھانہ کے حاجت میں قتل کے الزام میں ایک شخص کو رکھا گیا تھا، جہاں اس نے پھانسی لگا کر خود کشی کرلی تھی، اس معاملے کی جانچ کی ذمہ داری سٹی ایس پی راکیش کمار کوسونپی گئی تھی۔ سیٹی ایس پی کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کے لیے سفارش کی گئی تھی اور اسی کی رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کی گئی ہے۔