نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو نے اتوار کو خواتین کی حفاظت اور ان کے وقار کے احترام کو ملک کی سلامتی اور ترقی سے جوڑتے ہوئے خاندان اور اسکول میں بچوں میں اس سوچ اور ثقافت کو فروغ دینے پر زور دیا۔صدر کے سکریٹریٹ سے جاری ایک ریلیز کے مطابق مرمو نے میڈیا سے بھی خواتین کے وقار کے تئیں حساس ہونے کی اپیل کی ہے۔ مرمو نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے قومی راجدھانی میں خواتین کے لیے منعقدہ بائیک ریلی کی روانگی کی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے آج یہاں خطاب کیا۔
ایک میڈیا ہاؤس کی طرف سے منعقد کی گئی اس بائیک ریلی میں صدر مرمو نے ایک پیغام میں کہاکہ 'خواتین کے تئیں احترام کے رویے کی بنیاد خاندان میں ہی رکھی جا سکتی ہے۔' انہوں نے خاندان کی ماؤں اور بہنوں سے اپیل کی کہ وہ خاندان کے بیٹوں اور بھائیوں میں تمام خواتین کو عزت دینے کی اقدار کو ابھاریں۔انہوں نے کہا کہ یہ خاندان کے ساتھ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلباء میں خواتین کے تئیں احترام اور حساسیت کے کلچر کو مضبوط کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین محفوظ ہیں تو خاندان محفوظ ہے، خاندان محفوظ ہے تو معاشرہ محفوظ ہے اور معاشرہ محفوظ ہے تو ملک محفوظ ہے۔