مرکزی وزارت صحت نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ 'آئی سی ایم آر ملک میں کووڈ-19 کے پھیلاؤ کا جائزہ لینے کے لئے چوتھے مرحلے کا قومی سیرو سروے کرے گا۔'
ایک پریس کانفرنس میں نیتی آیوگ کے ممبر وی کے پال نے کہا کہ 'روزانہ کورونا کیسز اور زیر علاج مریضوں کی تعداد میں کمی کی وجہ سے ایسا لگتا ہے کہ کووڈ کی صورتحال ملک میں مستحکم ہو رہی ہے اور انفیکشن کی شرح اب تقریبا پانچ فیصد رہ گئی ہے۔ تاہم انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ سماجی فاصلے کے اصولوں پر عمل پیرا رہیں۔
پال نے کہا کہ 'آئی سی ایم آر اس ماہ سے اگلے مرحلے کا سیرو سروے کرے گا، جس سے کووڈ 19 کے پھیلاؤ کا اندازہ کرنے میں مدد ملے گی۔ لیکن اگر ہم اپنے جغرافیائی علاقوں کو بچانا چاہتے ہیں تو پھر ہمیں کسی ایک قومی سیرو سروے پر انحصار نہیں کرنا چاہئے اس میں ریاستوں کو بھی اپنی سطح پر سیرو سروے کروانے کی ترغیب دینی ہوگی۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے مطابق، 21 ریاستوں کے 70 اضلاع میں سیرو سروے کیا جائے گا اور اس میں چھ سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے کہا کہ '7 مئی کو انفیکشن کے عروج کے بعد سے کووڈ -19 کے روزانہ نئے کیسز میں 78 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔