کیمبرج: سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے سابق مشیر سام پتروڈا نے ٹوئٹر پر 'لرننگ ٹو لیسن ان دی 21 سینچوری' کے عنوان پر کیمبرج جج بزنس اسکول میں ایم بی اے کے طلبا سے راہل گاندھی کے خطاب کا یوٹیوب لنک شیئر کیا ہے۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی اس وقت برطانیہ کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے کیمبرج جج بزنس اسکول میں ایم بی اے کے طلبا سے خطاب سے کرتے ہوئے بھارت کے جمہوری صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پیگاسس کے ذریعے ان کے فون کی جاسوسی بھی کی گئی اور اس کی اطلاع انٹیلی جنس افسران نے خود دی۔
کیمبرج یونیورسٹی میں تقریر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے مزید کہا کہ بھارت میں اپوزیشن جماعتوں کے لوگوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے اور انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلسل دباؤ محسوس کرتے ہیں کیونکہ اپوزیشن کے خلاف غلط مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ راہل نے کہا کہ بغیر کسی وجہ کے میرے بھی خلاف مجرمانہ مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ راہل نے کہا کہ بھارت میں جمہوریت خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ زندہ مثال ہے کہ جس طرح اپوزیشن کے لوگوں کو پھنسایا جا رہا ہے وہ غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور جمہوری ڈھانچہ پر حملہ کیا جارہا ہے جس سے عوام سے رابطہ کرنا بہت مشکل ہوتا جارہا ہے۔