احمدآباد: گجرات میں گزشتہ ہفتے زبردست بارش ہوئی، جس کے سبب بڑی تعداد میں لوگ بیمار ہوئے۔ ایسی صورتحال میں لوگ کیسے اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ اس سلسلے میں ای ٹی وی بھارت نے ڈاکٹر نسرین شیخ سے خصوصی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے باعث کافی لوگ بیمار ہوئے ہیں۔ کیونکہ بارش کا پانی جگہ جگہ بھرا ہوا ہے اور مناسب صفائی نہیں ہو رہی جس سے مچھر تیزی سے پیدا ہو رہے ہیں اور لوگ ملیریا، ڈینگو، کالرہ اور کورونا جیسی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ عام طور پر لوگوں کو بارش کے موسم میں میں نزلہ، زکام، بخار اور سر درد کی شکایت ہورہی ہے جبکہ کم عمر افراد اور بچوں کو قے، دست، بخار اور اسہال جیسی بیماریاں ہورہی ہیں۔How to take care of your health in rainy season
ڈاکٹر نسرین نے کہا کہ بارش میں سب سے پہلے اپنے گھر اور اطراف کی صفائی کا خیال رکھیں۔ کیونکہ بارش کے بعد گھر میں پانی جمع ہونے سے بہت ساری بیماریاں پیدا ہوتی ہیں اور گھر کے اطراف میں پھیلی گندگی سے بھی لوگ بڑی تعداد میں بیمار ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ بارش کے دوران باہر سے گھر میں داخل ہونے والے افراد بھی جوتوں کے ذریعے مضر وائرس گھر کے اندر لے آتے ہیں۔ لوگوں کو چاہیے کہ بارش کے دوران گھر کے دروازے کے باہر اپنے چپل اور جوتے اتار دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارش کے موسم میں اگر نظام انہضام کو بہتر رکھا جائے تو کئی طرح کی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے اور نظام انہضام کو بہتر بنانے کے لئے تازہ پھلوں کو پانی میں بھگو کر استعمال کریں، نیز چائے، کافی اور نیم کے پتوں کو گرم کرکے استعمال کریں، اس سے کافی اچھے نتائج برآمد ہوتے ہیں۔ بچوں کو گرم پانی دیا جائے اور اگر کسی کو سردی یا زکام ہوتا ہے تو اسے گرم پانی کی بھاپ دی جائے۔ بارش کے موسم میں باہر کی چیزیں کھانے سے گریز کریں۔