بھارتی جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ کے صدر جمال صدیقی کشمیری عسکریت پسندوں کے نشانے پر ہیں اور حزب المجاہدین جموں و کشمیر نامی تنظیم نے انہیں خطرناک نتائج کی دھمکی دی ہے، جس کی شکایت آج یہاں بی جے پی صدر نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے کی ہے اور اس معاملے میں فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مہاراشٹر کے ناگپور سے تعلق رکھنے والے جمال صدیقی ریاست میں بی جے پی حکومت میں حج کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے پر فائز تھے اور انہیں مہاراشٹر میں سیکورٹی فراہم کی گئی تھی جو انہیں آج بھی ریاست میں دستیاب ہے لیکن بیرون ریاست جانے کے بعد ان کی سیکورٹی ہٹالی جاتی ہے۔
امت شاہ کو لکھے گئے خط میں انہوں نے حزب المجاہدین نامی تنظیم کے دھمکی آمیز خط کی نقل بھی پیش کی ہے، جس میں اردو میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے اور آزاد کشمیر کی حمایت کرتے ہوئے کشمیر میں جاری مبینہ مظالم کا تذکرہ کیا گیا ہے اور انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بی جے پی سے مستعفی ہوکر سچے دل سے توبہ کریں۔