رامبن: جموں و کشمیر کے رامبن اور بانہال کے درمیان پنتھیال میں T5 ٹنل کا ایک حصہ گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ ٹنل کی تعمیر کرنے والی کمپنی نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) کی جانب سے بتایا گیا کہ پنتھیال میں یکطرفہ ٹنل T5 کو آج تجرباتی طور پر گاڑیوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ ٹنل پر کام کرنے والے انجئنرز کا کہنا ہے کہ کل شام تک ٹنل پر تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا تھا اور آج دوپہر تین بجکر 15 منٹ پر ٹنل کو دو طرفہ گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے کھول دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تجرباتی وقت گزر جانے کے بعد ٹنل کو مکمل طور پر گاڑیوں کی آمد ورفت کے لئے بحال کیا جائے گا۔
اس ٹنل سے پنتھیال کے مقام پر مٹی کے تودے اور پھتر کھسکنے سے مسافروں کو نجات ملے گی اور مسافر اسی ٹنل سے پنتھیال کو بائے پاس کرسکتے ہیں۔ کمپنی کے عہداروں نے کہا کہ ٹنل تک اپروچ روڈ اور دیگر متعلقہ کام مکمل ہونے کے ساتھ ہی آج اسے کھول دیا گیا۔ این ایچ اے آئی کے انجینئرز نے بتایا کہ ٹنل کے اندر لائٹ اور آگ بجھانے کے سامان نصب کرنے کے بعد ٹنل کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر رامبن مسرت اسلام نے سماجی رابطہ ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹنل شروع ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب عوام کو پریشانیوں سے نجات ملے گی۔