چیف جسٹس این وی رمن نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور جسمانی تشدد کا سب سے زیادہ خطرہ تھانوں میں ہوتا ہے۔ تھانوں میں گرفتار یا حراست میں لیے گئے افراد کو مؤثر قانونی امداد نہیں مل پارہی ہے جب کہ اس کی اشد ضرورت ہے۔
ملک بھر کے تھانوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جسٹس رمن نے کہا کہ "حراستی تشدد سمیت پولیس کے دیگر مظالم وہ مسائل ہیں جو اب بھی ہمارے معاشرے میں موجود ہیں۔ آئینی التزامات اور ضمانتوں کے باوجود گرفتار یا حراست میں لیے گئے افراد کو مؤثر قانونی مدد نہیں مل پاتی ہے، جو ان کے لیے بہت نقصاندہ ثابت ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا پسمانہ طبقہ نظام عدل کے دائرے سے باہر ہے۔ اگر عدلیہ کو غریب اور پسماندہ طبقے کا اعتماد جیتنا ہے تو اسے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ یہ ان کے لیے آسانی سے دستیاب ہے۔