پریاگ راج: ریاست اترپردیش کے متعدد اضلاع میں گزشتہ جمعہ کو گستاخ رسول نوپور شرما کے خلاف مظاہرے ہوئے تھے اور ان مظاہروں کے دوران پولیس اور احتجاجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس کے بعد ریاست کے پرامن ماحول میں خلل پیدا ہوا تھا۔ ان واقعات کے پیش نظر پولس اور انتظامیہ نے اس بار سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔ پریاگ راج، سہارنپور، فرخ آباد، امروہہ سمیت یوپی کے کئی شہروں میں نماز جمعہ کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔High security in prayagraj in view of friday prayer
گزشتہ جمعہ کو پریاگ راج کے اٹالہ علاقے میں مظاہرہ شروع ہوا تھا۔ اس علاقے کو پولیس نے مکمل طور پر چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔ پولیس کے ساتھ ساتھ آر اے ایف کے جوانوں کو بھی سیکورٹی میں تعینات کیا گیا ہے۔ آر اے ایف کے اہلکار جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہیں۔ جمعرات کو علاقے میں تعینات آر اے ایف اہلکاروں کو جدید ترین ملٹی سیل لانچر (MSL) بندوقوں کے ساتھ دیکھا گیا۔ یہ آنسو گیس سے چلنے والی بندوق ہے۔ یہ بندوق بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ ساتھ ہی پولیس بھی جدید ترین ہتھیاروں کے ساتھ تیار ہے۔