ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں گزشتہ رات کئی گھنٹوں تک ہوئی شدید بارش کے بعد منی کونڈا کے کئی علاقوں کے اپارٹمنٹس کے سیلارس میں پانی داخل ہوگیا۔ منی کونڈا میں سب سے زیادہ 10.8سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سیلارس میں داخل پانی کو موٹرس کی مدد سے نکالا گیا۔
ان اپارٹمنٹس میں رہنے والوں نے کہا کہ بارش ہونے پر ہمیشہ اسی طرح کی صورتحال کا ان کو سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں بلدی عہدیداروں کو کئی مرتبہ توجہ دلائی گئی لیکن اس مسئلہ کو بلدی عہدیداروں نے نظرانداز کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر مرتبہ بارش ہونے پر سیلارس میں پانی داخل ہوجاتا ہے جس کی نکاسی کے لئے ان کو اپنے جیب سے رقم دینی پڑتی ہے۔
اسی درمیان شہر حیدرآباد میں گزشتہ شب کئی گھنٹوں تک ہوئی طوفانی بارش کے دوران منی کونڈا علاقہ میں ایک شخص کھلے مین ہول میں گرنے کے بعد بہہ گیا۔ یہ شخص جو گولڈن ٹمپل علاقہ میں مین ہول میں حادثاتی طور پر گرنے کی وجہ سے بہہ گیا تھا کی تلاش کا کام گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں سرگرمی سے کررہی ہیں۔