پٹنہ:کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی آج بہار کے پٹنہ میں ایم پی/ایم ایل اے عدالت میں مودی سرنام کے بارے میں اپنے ریمارکس کے سلسلے میں پیش ہوں گے۔ ان کے خلاف یہ مقدمہ بی جے پی رہنما اور رکن پارلیمان سشیل کمار مودی نے 2019 میں درج کرایا تھا۔ پٹنہ کی ایم پی ایم ایل اے عدالت نے انہیں سی آر پی سی کی دفعہ 317 کے تحت عدالت میں حاضر ہونے اور اپنا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے سمن بھیجا ہے۔
یہ مقدمہ 2019 میں سشیل کمار مودی نے دائر کیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ راہل گاندھی نے مودی برادری کو چور کہہ کر ان کی توہین کی تھی، تب کانگریس رہنما نے اس معاملے میں عدالت میں خودسپردگی کی تھی، جس کے بعد انہیں ضمانت مل گئی۔ اس کیس میں سشیل کمار مودی سمیت پانچ لوگوں کی گواہی مکمل ہو چکی ہے۔ کیس کے درخواست گزار رکن پارلیمان سشیل مودی کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی نے ملک کے لاکھوں مودی سرنام والے لوگوں کے ساتھ زیادتی کی ہے۔ پسماندہ سماج کے جن لوگوں کنیت یا خاندانی نام مودی ہے، راہل نے ان کی توہین کی ہے۔